ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو: تالابوں پر قبضوں سے نمٹنے کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کا مشورہ

بنگلورو: تالابوں پر قبضوں سے نمٹنے کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کا مشورہ

Fri, 05 Aug 2016 01:55:14    S.O. News Service

اسمبلی اسپیکر کولیواڈ جلد چیف جسٹس سے ملیں گے
بنگلورو۔4اگست(ایس او نیوز) شہر کے بڑے نالوں اور تالابوں پر غیر قانونی طور پر قابض عناصر کی طرف سے اپنے قبضوں کو بچانے کیلئے بار بار عدالتوں سے اسٹے حاصل کئے جانے کی وجہ سے شہر میں بارش کے موقع پر عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بہت جلد غیر قانونی طور پر تالابوں اور بڑے نالوں پر قبضہ کرنے والوں کو اسٹے نہ دینے کی گذارش کرتے ہوئے ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کی جائے گی اور ان سے گذارش کی جائے گی کہ ان معاملات سے نمٹنے کیلئے ہائی کورٹ میں ایک خصوصی عدالت قائم کردی جائے۔ یہ بات آج ریاستی اسمبلی اسپیکر کے بی کولیواڈ نے کہی۔مسٹر کولیواڈ جو تالابوں پر غیر قانونی قبضوں کا پتہ لگانے کیلئے قائم ایوان کمیٹی کے چیرمین بھی ہیں۔آج اس سلسلے میں اعلیٰ افسران کی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایاکہ شہر میں تالابوں پر غیر قانونی قبضے کے متعلق تمام تفصیلات 11 اگست سے پہلے مہیا کرانے کی انہوں نے گذارش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جتنے معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ان کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ عدالتوں کی طرف سے کن بنیادوں پر اسٹے دیا گیا ہے ان تمام کا جائزہ لیا جائے گا اور خصوصی عدالت میں ان معاملات کو جلد نمٹانے کے سلسلے میں چیف جسٹس سے گذارش کی جائے گی۔ اس سے قبل مسٹر کولیواڈ نے تالابوں اور بڑے نالوں کی زمینات پر غیر قانونی قبضوں کے بارے میں افسران سے جانکاری حاصل کرتے ہوئے ان قبضوں کو روکنے میں ان کی ناکامی پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا کو ان افسران نے جو تفصیلات دی ہیں اور آج کی میٹنگ میں جو تفصیلات مہیا کرارہے ہیں ان میں کوئی یکسانیت نہیں ہے۔ اسی لئے 11 اگست تک یہ افسران تمام تفصیلات کمیٹی کو مہیا کرائیں۔ انہوںنے کہاکہ شہر بنگلور میں متعدد ندیاں بہتی تھیں ، لیکن زمینات پر غیر قانونی قبضوں کی وجہ سے آج شہر میں ایک ندی کا وجود بھی باقی نہیں رہا، لیکن بارش کے موسم میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچنے کیلئے کشتی کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ اس سے زیادہ حیرت کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بنگلور جو ساری دنیا میں وادی¿ سلیکان کے طور پر مشہور ہے، یہاں بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے جو ناقص انتظامات کئے گئے ہیں وہ باعث شرم ہیں۔ اس موقع پر بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد نے بتایاکہ پچھلے دنوں ہوئی ریکارڈ توڑ بارش کے سبب صورتحال اس قدر بگڑی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ شہر کے اکشے نگر لے آ¶ٹ اور دیگر علاقوں میں تالاب کے کٹے ٹوٹ جانے کے سبب سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔شہر کے بعض مقامات پر تالابوں پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں نے عدالتوں سے اسٹے حاصل کرلیا ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی کام آگے بڑھانا مشکل ہوچکا ہے۔بعض مقامات پر غیر قانونی قبضے ختم کرائے جاچکے ہیں ، اب تک 822 ایکڑ زمین بی بی ایم پی نے غیر قانونی قبضوں سے اپنی تحویل میں لے لی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کچھ طاقتور افراد اور بلڈروں کی طرف سے تالابوں کی زمینات پر جو قبضہ کیاگیا ہے اسے خالی کرانے میں دشواری پیش آرہی ہے۔میٹنگ میں رکن اسمبلی گوپالیہ اور دیگر موجود تھے۔بعد میں مسٹر کے بی کولیواڈ نے وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی کے ہمراہ گوڈی چکناہلی تالاب، مڑیوال تالاب، چک بیگور تالاب اور بلندور تالاب کا معائنہ کیا۔
 


Share: